پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے فارماسسٹ، سائیکالوجسٹ اور ڈینٹل ٹیکنیشنز کی کلینیکل پریکٹس کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے وزارت صحت کو ارسال کیے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک میں اتائیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے خصوصاً اسلام آباد اور میرپورخاص میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
خط کے مطابق تشخیص، ادویات کی تجویز اور علاج صرف کوالیفائیڈ ڈاکٹرز اور ڈینٹسٹ کے دائرہ اختیار میں ہے جبکہ صرف پی ایم ڈی سی سے رجسٹرڈ ڈاکٹرز ہی ایلوپیتھک علاج اور سرجری کر سکتے ہیں۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا کہ کوئی بھی الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل دوا تجویز نہیں کر سکتا اور غیر مجاز پریکٹس انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔ کونسل نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔