ملتان میں ایک ہی خاندان کی 9 مشترکہ شادیاں، سادگی کی مثال

image

ملتان کے علاقے شجاع آباد میں ایک منفرد اور متاثر کن خاندانی تقریب دیکھنے میں آئی جہاں ایک ہی خاندان کے 9 نوجوانوں نے اپنی 9 کزنز کے ساتھ بیک وقت رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر سادگی کی مثال قائم کر دی۔ اس اجتماعی شادی کی خاص بات یہ رہی کہ تمام تقاریب نہایت سادہ انداز میں منعقد ہوئیں اور دولہوں نے باقاعدہ طور پر جہیز لینے سے انکار کر دیا جسے معاشرتی سطح پر ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس تقریب میں محمد کاشف، محمد عاصم، محمد امین، محمد نعیم، محمد نوید، محمد راشد، محمد بلال، محمد شہباز اور محمد علی شامل تھے، جنہوں نے باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ کیا کہ شادی کے موقع پر لڑکی والوں پر کسی قسم کا مالی دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ ایک ہی چھت کے نیچے 9 باراتوں کی آمد اور اسی روز اجتماعی ولیمے کا انعقاد اس تقریب کو مزید منفرد بنا گیا۔

تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اسے معاشرے کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ تقریب میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد کوئی ریکارڈ قائم کرنا نہیں بلکہ یہ پیغام دینا ہے کہ اگر شادیوں کو سادہ اور آسان بنا دیا جائے تو کئی خاندانوں کی بیٹیاں باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو رخصت ہو سکتی ہیں۔

اس موقع پر خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ ساتھ سادگی کا عنصر نمایاں رہا جس نے ہر دیکھنے والے کو متاثر کیا اور ایک مثبت سماجی سوچ کو اجاگر کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US