کابینہ ڈویژن نے سینیٹ کو وزیراعظم کے مشیروں اور معاونینِ خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
یہ بات ایک پارلیمانی سوال کے تحریری جواب میں سامنے آئی، جو ہدایت اللہ کی جانب سے اٹھایا گیا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے جواب میں صرف مشیروں اور معاونینِ خصوصی کی تعداد اور نام فراہم کیے، تاہم ان کے مالی اثاثوں اور ڈیکلریشنز کی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔
تحریری جواب کے مطابق وزیراعظم کے 3 مشیروں میں رانا ثناء اللہ، محمد علی اور پرویز خٹک شامل ہیں، جبکہ 7 معاونینِ خصوصی کے نام بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
معاونینِ خصوصی میں طارق فاطمی، محمد صادق، طارق باجوہ، حذیفہ رحمان، مبارک زیب، طلحہ برکی اور فہد ہارون شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ مشیروں اور معاونینِ خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات متعلقہ ادارے کے پاس موجود ہیں، تاہم سینیٹ کو ان کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔