اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے مجوزہ تبادلوں کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پانچ ججوں کی منتقلی کی تجویز میں سے دو نام عارضی طور پر فہرست سے نکال دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں زیر غور معاملے کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب ایم طاہر کے تبادلے وقتی طور پر روک دیے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ سیاسی تحفظات کے باعث ان ناموں کو فہرست سے فی الحال خارج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کمیشن نے جسٹس محسن کیانی، جسٹس بابر اور جسٹس ثمن کے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومتی توقعات کے برعکس ہے، کیونکہ ابتدائی طور پر تمام مجوزہ تبادلوں کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بعض ناموں پر تحفظات کے بعد یہ پیشرفت سامنے آئی جبکہ امکان ہے کہ آئندہ مرحلے میں معاملہ دوبارہ زیر غور آسکتا ہے۔