پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں پلاسٹک فری زونز کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے بڑے بازاروں میں عملی نفاذ شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے میں پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے اور صرف چار ماہ کے دوران 9 لاکھ 37 ہزار کلو سے زائد پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک تھیلیوں پر جلد مکمل پابندی عائد کی جائے گی جبکہ انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز کے ذریعے بڑے نیٹ ورکس کی نشاندہی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے اور اب وارننگ کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق سنگین خلاف ورزی پر فوری سیلنگ اور ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ ملتان اور راولپنڈی پلاسٹک ضبطی میں سرفہرست ہیں۔ فیلڈ آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں تاکہ ماحول دوست اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔