کمبوڈیا میں پاکستانیوں پر قید و کرب کے سائے! 54 افراد حراست میں، غیر انسانی سلوک کی ویڈیو نے ہلچل مچا دی

image

کمبوڈیا میں غیر قانونی طور پر مقیم 54 پاکستانی شہریوں کو حکام نے حراست میں لے لیا ہے جہاں سے سامنے آنے والی ویڈیو نے صورتِ حال کی سنگینی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ زیرِ حراست افراد نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے اور نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ پاکستانیوں کے مطابق انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جبکہ وطن واپسی کے لیے بھی رشوت طلب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے فوری مداخلت اور بحفاظت واپسی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے، کہتے ہیں کہ حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے بتایا کہ کمبوڈیا میں پاکستانی سفارت خانے نے زیرِ حراست شہریوں تک قونصلر رسائی حاصل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام شہریوں کی جلد وطن واپسی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کمبوڈین حکام نے بھی خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی شہریوں کو بغیر کسی پیچیدہ قانونی کارروائی کے واپس بھیجا جائے گا جس سے امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین آغا رفیع اللہ نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ حراست پاکستانیوں کو فوری طور پر رہا کر کے بحفاظت وطن واپس لایا جائے، تاکہ ان کے اہلِ خانہ کی پریشانی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US