وزیراعظم شہباز شریف آج اپنا گھر پروگرام کے تحت سستے گھروں کے لیے ایک تاریخی پیکج کا اعلان کریں گے جس کے تحت عوام کو آسان اقساط پر ہاؤسنگ قرض فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسکیم کے تحت 25 لاکھ سے لے کر 1 کروڑ روپے تک قرض حاصل کیا جا سکے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ 1 کروڑ روپے تک کا قرض 20 سال کی مدت کے لیے دیا جائے گا۔ پہلے 10 برس کیلیے 5 فیصد فکسڈ مارک اپ ہوگا جبکہ اگلے 10 سال نارمل شرح پر ہوں گے۔
ماہانہ اقساط کے تخمینے کے مطابق 25 لاکھ قرض پر تقریباً 16,499 روپے، 50 لاکھ پر 32,997 روپے، 75 لاکھ پر 49,497 روپے اور 1 کروڑ روپے کے قرض پر 65,996 روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق قرض کے حصول کیلیے شناختی کارڈ ہولڈر ہونا اور پہلے سے مقروض نہ ہونا شرط ہے جبکہ اس رقم سے 10 مرلہ پلاٹ یا تیار گھر خریدا جا سکے گا۔ اسکیم کے تحت 90 فیصد فنانسنگ حکومت فراہم کرے گی جبکہ 10 فیصد حصہ درخواست گزار کو دینا ہوگا۔
یہ قرض اسٹیٹ بینک کی نگرانی میں اسلامک و کمرشل بینکوں، مائیکروفنانس بینک اور ہاوس بلڈنگ فنانس کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔
درخواست کا عمل آن لائن ہوگا اور حتمی منظوری میں تقریباً ایک ماہ کا وقت لگے گا جبکہ اس کے لیے کسی قسم کی پیشگی فیس یا ادائیگی درکار نہیں ہوگی۔