عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی نہیں بلکہ فراہمی کا مسئلہ ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی ٹینکرز کے ذریعے مہنگے داموں ملتا ہے اور اس پر آنے والا خرچ گھریلو ضروریات جیسے کھانے اور تعلیم کے برابر ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت واضح کرے کراچی کے شہریوں کو باقاعدہ پانی کی فراہمی کب یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے یونیورسٹی روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر کی مصروف ترین سڑک ہے جس کا منصوبہ برسوں سے زیر التوا ہے اور 5 سال قبل ٹھیکہ ہونے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور پانی کے نظام میں خرابیاں بڑھتی جا رہی ہیں جبکہ شہر کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن اور K-4 منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کیے گئے تھے مگر کئی سال گزرنے کے باوجود ان پر مؤثر پیشرفت نہیں ہو سکی۔