پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ، دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ

image

راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز PNS/M HANGOR کی کمیشننگ تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے آبدوز کی کمیشننگ کو پاک بحریہ کی جدید کاری میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی حکمت عملی پر قائم ہے اور اپنی خودمختاری، بحری مفادات اور اقتصادی راستوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں پر بڑھتے خطرات عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، جس کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری قوت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، جدید سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو خطے میں بحری استحکام برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ”ہنگور“ کا نام قومی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ 1971 میں اسی نام کی آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار کسی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ نئی آبدوز اسی شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور دوستی کا ایک اور اہم باب ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج کی قیادت نے اس اہم کامیابی پر پوری قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US