وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘ کا آغاز، ایک کروڑ روپے تک آسان قرض کی فراہمی

image

وزیراعظم شہباز شریف نے ’وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو چھت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے گھر کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خواب کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا جبکہ پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کے لیے قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ آئندہ چار برس میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت شہری 10 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر تعمیر کرسکیں گے اور اس کے نفاذ کی نگرانی وہ خود ماہانہ بنیادوں پر کریں گے۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں شریک ڈرائیور غلام حسین کو بھی اس اسکیم کے تحت گھر بنانے کے لیے قرض فراہم کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبہ معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور حکومت اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم میں شامل بینکوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں 14 اگست کے موقع پر اعزازات سے نوازا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر برآمدات کے فروغ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سفیر کا درجہ اور دو سال کے لیے بلیو پاسپورٹ دینے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US