وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے بعد بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجرا کی مدت 21 دن سے کم کر کے اب 14 دن کردی گئی ہے، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں نمایاں آسانی ملے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام رائج کیا جائے، جس پر آئندہ 15 روز میں عملدرآمد کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیش ادائیگی کے خاتمے سے ایجنٹ مافیا کا سدباب ہوگا اور شفافیت کے ساتھ شہریوں کو بہتر سہولت میسر آئے گی۔
اجلاس میں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے اور اس پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ساتھ ہی پاسپورٹ کی گھروں تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔