وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے کچہ ایریا کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کے بڑے منصوبوں کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں کچہ کے علاقوں کے لیے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کچہ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اسکول، اسپتال، سڑکیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور کلینک آن ویل جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
مزید برآں موبائل وٹرنری اسپتال، لیبارٹریز اور پہلی بار سولر انرجی سے چلنے والی ڈرون سرویلنس متعارف کرائی گئی ہے جبکہ تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سے منسلک کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق امن و امان کے لیے 7.1 ارب روپے جبکہ سوشل انفراسٹرکچر پر 13.9 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ طالبات کے لیے اسکول میل پروگرام، طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے۔