سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ، کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں

image

محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ 3 مئی تک وسطی اور بالائی سندھ کے علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔

جامشورو، دادو، شہید بینظیرآباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ دن کے اوقات میں دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

کراچی کے حوالے سے پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت آج اور کل 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہےجبکہ اتوار کو یہ 39 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ہفتے کے روز موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر فعال رہیں گی تاہم مختصر وقت کے لیے مغربی ہواؤں کے اثرات بھی متوقع ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ شہر میں فی الحال ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US