وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے آلودگی سے پاک بندرگاہوں کو محفوظ نیویگیشن کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے صاف اور پائیدار سمندری ماحول کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کے پیش نظر مستقل صفائی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق حالیہ صفائی مہم کے دوران کراچی پورٹ سے مجموعی طور پر 16 ہزار 430 کلوگرام کچرا جمع کیا گیا جس میں پلاسٹک، تیرتا ہوا کچرا اور ماہی گیری کا فضلہ شامل تھا۔
یہ آپریشن ایسٹ وارف، ویسٹ وارف اور بوٹ بیسن جیٹی پر مکمل کیا گیا جس میں 54 کشتیوں اور 164 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ جمع شدہ کچرے کو ماحولیاتی اصولوں کے مطابق تلف کیا گیا۔
جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا کہ بندرگاہوں پر جدید ویسٹ کلیکشن آلات اور مانیٹرنگ سسٹمز متعارف کرائے جائیں گے تاکہ صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے چیئرمین کراچی پورٹ ایڈمرل شاہد احمد کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات پائیدار سمندری ترقی کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔