ضلع چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف مذہبی شخصیت، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے مولانا پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مولانا محمد ادریس جمعیت علمائے اسلام کے سابق ایم پی اے تھے اور اس وقت دارالعلوم اتمانزئی میں دورہ حدیث کا درس دینے جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔
فائرنگ کے بعد انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ اسپتال پہنچنے پر ان کے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نامعلوم تھے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔