محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں اس وقت سمندری ہوائیں ساکن ہیں اور نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیر کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی جس کے مطابق تربت اور مٹھی میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں 44، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 40، لاہور میں 37، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34 جبکہ پشاور میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، شیخوپورہ، پاکپتن، فیصل آباد، گجرات اور وہاڑی میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے علاوہ ازیں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔