پاکستان میں عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سرکاری ملازمین کے لیے ایک خوشخبری زیرِ گردش ہے کیونکہ اس بار تعطیلات معمول سے زیادہ طویل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی حکومت عید کے موقع پر چند روز کی عام چھٹیوں کا اعلان کرتی ہے لیکن کیلنڈر کی ترتیب ایسی بن رہی ہے کہ ملازمین کو مسلسل کئی دن آرام کا موقع مل سکتا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کی رائے کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ ہونے کی توقع ہے۔ روایت کے مطابق 9 ذی الحجہ سے سرکاری تعطیلات کا آغاز کیا جاتا ہے جس کے پیش نظر امکان ہے کہ 26 سے 29 مئی تک چھٹیاں دی جائیں۔ اس سے پہلے 23 اور 24 مئی کو ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیل ہوگی جبکہ عید کے بعد 30 اور 31 مئی کو بھی ویک اینڈ آ رہا ہے، جو اس وقفے کو مزید طویل بنا سکتا ہے۔
اگرچہ 25 مئی کی چھٹی کا اعلان ابھی واضح نہیں تاہم اکثر سرکاری ملازمین، خاص طور پر وہ جو اپنے شہروں سے دور تعینات ہوتے ہیں عموماً اس دن رخصت لے کر اپنے گھروں کا رخ کرتے ہیں۔ اس ترتیب کو دیکھا جائے تو امکان بنتا ہے کہ کئی افراد ایک ساتھ تقریباً نو دن کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔