محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔