پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر اسے قومی دفاع کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن اور تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو نئی قوت بخشی اور پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور بہتر آپریشنل صلاحیتوں کی بدولت ایک مؤثر فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے، جبکہ ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے اسے مزید فیصلہ کن فورس میں تبدیل کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کی عکاسی کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان مستقبل کے جنگی ماحول سے نمٹنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیار اور چوکس ہیں، اور کسی بھی جارحیت یا دشمنی کا پہلے سے زیادہ قوت اور عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی اعلان کیا کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ترجمان مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔