وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس قانون کے سیکشن ای سیون کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو غیر مؤثر قرار دے دیا ہے۔
عدالت نے ایف بی آر کی جانب سے اس شق کی بحالی کے لیے دائر تمام اپیلیں بھی مسترد کر دیں۔
چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین خان نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ سیکشن ای سیون کے تحت عائد کیے گئے ٹیکس اور اس سے متعلق تمام کارروائیاں قانونی حیثیت نہیں رکھتیں۔ اس شق کے تحت غیر استعمال شدہ پلاٹس پر بھی ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں سندھ اور لاہور ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف دائر شہریوں کی اپیلیں منظور کرلی گئیں، جبکہ اسلام آباد، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف ایف بی آر کی اپیلیں خارج کردی گئیں۔
عدالت نے اس کیس کا فیصلہ 23 اپریل کو محفوظ کیا تھا، جو اب سنایا گیا ہے۔ فیصلے کے بعد رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔