پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی کانفرنس 2027 کی تیاریوں کا آغاز

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) کی 2026-27 کی چیئرمین شپ کے حوالے سے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ایس سی او سربراہی کانفرنس 2027 کی میزبانی سے متعلق جاری تیاریوں اور انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے جامع منصوبہ بندی اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم ملک کی حیثیت سے ایس سی او کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ تنظیم کی آئندہ چیئرمین شپ پاکستان کے علاقائی تعاون، روابط اور کثیرالجہتی سفارت کاری کے عزم کی عکاسی کرے گی۔

انہوں نے بروقت اقدامات، اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور اعلیٰ معیار کی انتظامی و سفارتی تیاریوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، اسپیشل سیکریٹری داخلہ و انسداد منشیات، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد سمیت وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US