فیصل آباد میں میونپسل کارپوریشن کی جانب سے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کا آغاز ہوا، مختلف علاقوں میں گھروں کے باہر غیر قانونی تعمیرات کو ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (FDA) اور ضلعی انتظامیہ نے غلام محمد آباد میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں، جہاں مستقل غیر قانونی تعمیرات، دکانوں اور سڑکوں پر قائم رکاوٹوں کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ آپریشنز غلام محمد آباد کے سی بلاک، کچی آبادی اور شیراوالا چوک میں کیے گئے، جہاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی دیواریں، شیڈز اور دیگر تجاوزات ہٹائی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران متعدد مستقل ڈھانچے گرا دیے گئے تاکہ عوامی راستے بحال کیے جاسکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کا مقصد سڑکوں کو کلیئر کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا ہے۔ اس سلسلے میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اپریل کے آخری ہفتے سے مئی 2026 کے آغاز تک مختلف مقامات پر کارروائیاں رپورٹ کی گئی ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ایف آئی آر کے اندراج اور جرمانے بھی شامل ہوں گے۔