سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے 8 سے 10 مئی تک اہم نوٹم جاری کرتے ہوئے پروازوں کے شیڈول میں ممکنہ خلل سے آگاہ کردیا ہے۔
سی اے اے کے مطابق آپریشنل وجوہات کے باعث ان دنوں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و روانگی متاثر ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر ایئر لائنز اور مسافروں کو پیشگی احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد آنے والی پروازوں کو اضافی ہولڈنگ فیول ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع تاخیر کی صورت میں آپریشن جاری رکھا جاسکے۔
نوٹم کے مطابق 8 مئی کو صبح 10 بج کر 45 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 15 منٹ تک پروازوں کی آمد و روانگی متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ 9 اور 10 مئی کو رات 8 بجے سے 9 بج کر 15 منٹ تک فلائٹ آپریشن میں عارضی رکاوٹ آسکتی ہے۔
سول ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔