قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیگی میں پیش آیا، جہاں گاڑی نہ روکنے پر ایک قبائلی گروہ نے فائرنگ کردی۔ زخمی باپ اور بیٹی کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق خواتین کی لاشیں عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ کاروباری معاملات کے سلسلے میں 2 روز قبل تحصیل گلستان آئے تھے۔
پولیس کے مطابق سیگی کا علاقہ قبائلی دشمنیوں کے باعث عام افراد کی نقل و حرکت کے لیے نوگو ایریا ہے، جبکہ علاقے میں پولیس کی رسائی بھی ممکن نہیں۔