صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 355 افراد کے لیے پاکستان سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈ دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو بھی سول ایوارڈ دیا جائے گا۔
غیر ملکی شخصیات میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کو ستارہ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ ترکیہ کے وزیر دفاع اور وزیر تجارت سمیت روس کے نائب وزیراعظم کو بھی سول ایوارڈز دیے جائیں گے۔
اعزازات سائنس، انجینئرنگ، تعلیم، طب، آرٹس، ادب، کھیل، صحافت، سماجی خدمت اور پبلک سروس سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔
بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 95 افراد، پبلک سروس میں خدمات انجام دینے والے 67 افراد، آرٹس کے شعبے سے 53، ادب سے 29، تعلیم سے 21، صحافت سے 11، طب سے 10، کھیل سے 9، سائنس سے 6 اور انجینئرنگ سے 2 افراد کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے والے 22 غیر ملکیوں اور 20 اوورسیز پاکستانیوں کو بھی سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔