پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں از خود 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومتی نوٹیفکیشن کا انتظار کیے بغیر کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے مقامی اور بین الصوبائی روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ نافذ کر دیا ہے۔
اسی طرح مال بردار گاڑیوں اور منی مزدا کے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تاحال کرایوں میں اضافے کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ ٹرانسپورٹرز کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق کرایوں میں اضافے کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں پیٹرول قیمتوں کے مطابق کرایوں کے تعین کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اجلاس کے فیصلے تک اضافی کرائے وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔