محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرم اور مرطوب موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دوپہر کے اوقات میں نمی کا تناسب 55 سے 65 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں برقرار رہیں گی تاہم بعض اوقات مغربی ہوائیں بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ 11 مئی تک وسطی اور بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔