معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، وزیراعظم، صدرِ مملکت کا افواج کو خراجِ تحسین

image

وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار عسکری صلاحیتوں کا دنیا بھر میں لوہا منوایا۔

خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادرِ وطن کی خودمختاری اور وقار کا کامیابی سے دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق قومی اتحاد، استقامت اور قربانی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے وردی میں ملبوس بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنے امن کے عزم پر قائم ہے، تاہم قومی وقار اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا اور غازیوں پر فخر کرتی ہے، جن کی قربانیاں ملکی آزادی اور سلامتی کی بنیاد ہیں۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمتِ عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو تاریخی کامیابی میں کلیدی قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے شاہینوں اور بحری افواج کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔

اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ریاست ہے، تاہم دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔

صدرِ مملکت نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا جبکہ افغانستان پر بھی واضح کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US