والدین کے انتقال کے بعد بھی شناختی کارڈ بنوانا ممکن، نادرا نے طریقہ بتادیا

image

نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کے والدین حیات نہ ہوں اور اس کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی موجود نہ ہو تب بھی وہ قومی شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے کچھ ضروری شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق نادرا ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ سمیت دیگر شناختی دستاویزات جاری کرنے والا واحد مجاز ادارہ ہے۔ نادرا کی جانب سے ایسے شہریوں کو بھی شناختی کارڈ بنانے کی سہولت دی گئی ہے جن کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہوتا، تاہم عام حالات میں والدین کی تصدیق ضروری سمجھی جاتی ہے۔

اس حوالے سے نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی نے ایک پوڈکاسٹ میں اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی شخص کے والدین وفات پا چکے ہوں تب بھی اس کا شناختی کارڈ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد اپنے بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کو تصدیق کے لیے نادرا آفس لا سکتے ہیں تاکہ خونی رشتے کی تصدیق کی جا سکے۔

سید شباہت علی کے مطابق یہ سہولت صرف اسی صورت ممکن ہوگی جب درخواست گزار کے والدین نادرا کے فیملی ٹری میں شامل ہوں اور والد یا والدہ میں سے کم از کم ایک کا شناختی کارڈ وفات سے پہلے بن چکا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہن یا بھائی کی تصدیق کے بعد درخواست گزار کا اندراج اسی خاندان میں کر لیا جائے گا، جس کے بعد وہ قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا اہل ہو جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US