اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایوان میں کورم کی نشاندہی کے بعد ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔
پی ٹی آئی رکن اقبال آفریدی کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اپنی ہی جماعت کے بعض ارکان نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ایوان میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا، تاہم اجلاس کے اختتام پر پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ کلامی شدت اختیار کرگئی۔
ذرائع کے مطابق جنید اکبر اور اقبال آفریدی کے درمیان شدید جملوں کا تبادلہ ہوا، جو بعد ازاں ہاتھا پائی تک پہنچنے کے قریب تھا۔ صورتحال کو بگڑنے سے بچانے کیلیے دیگر ارکان نے دونوں کو علیحدہ کردیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایک اور پی ٹی آئی رکن اور اقبال آفریدی کے درمیان بھی تلخ کلامی اور کشیدگی پیدا ہوئی، جس پر ایوان میں موجود ارکان نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کیا۔
ایوان کے اندر پیش آنے والے اس واقعے نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔