حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ریلویز نے تاریخ میں پہلی بار مسلسل دوسرے سال بھی منافع حاصل کیا ہے اور ادارے کا مالی خسارہ ختم ہوگیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارتِ ریلوے کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان ریلویز نے 2 ارب 41 کروڑ روپے منافع حاصل کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ریلوے کی مجموعی آمدن 93 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ اخراجات 91 ارب 18 کروڑ روپے رہے۔
وزارتِ ریلوے نے ایوان کو آگاہ کیا کہ مالی سال 2023-24 میں بھی پاکستان ریلویز نے 41 کروڑ روپے منافع کمایا تھا، جبکہ اس سے قبل مالی سال 2022-23 میں ادارے کو 8 ارب 46 کروڑ روپے خسارے کا سامنا تھا۔
تحریری جواب کے مطابق مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی آمدن میں نمایاں اضافے سے ریلوے کی مالی صورتحال بہتر ہوئی اور پہلی بار ادارے کی مجموعی آمدن 93 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔
وزارت نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلویز کو مالی سال 2021-22 میں 7 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ 2020-21 میں 8 ارب 19 کروڑ روپے خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں اصلاحاتی اقدامات اور آمدن میں اضافے کے باعث ادارہ دوبارہ منافع بخش بن گیا ہے۔