وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور سیکیورٹی اداروں کی مستعدی کی بدولت رواں سال اسمگلنگ میں 80 فیصد تک واضح کمی آئی ہے۔ منشیات کی روک تھام اور سمندری راستوں سے غیر قانونی نقل و حمل روکنے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈز ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب کی آمد پر پی سی جی ریکروٹس نے وزیر مملکت کو روایتی سلامی بھی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طویل ساحلی پٹی کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے کوسٹ گارڈز کے 23 جوانوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی دن رات کی محنت اور قربانیوں کی وجہ سے ہی ہمارے ساحلی حالات پہلے سے کافی بہتر ہیں اور یہ فورس اعلیٰ کارکردگی کی حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور سمندری راستوں سے غیر قانونی نقل و حمل کے انسداد کے لیے اس فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ حکومت پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد نئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی روک تھام کرنا پاکستان کوسٹ گارڈز کا خاص طرہ امتیاز رہا ہے، جبکہ یہ فورس ملک کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ سمندری حیات کے تحفظ کے لیے بھی اپنا اہم ترین کردار پوری ذمہ داری سے ادا کر رہی ہے۔
قبل ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز ریکروٹ بیچ 46 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ٹریننگ مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ کا عمل مکمل کیا گیا۔
اس اہم تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری تھے، جن کا تقریب گاہ پہنچنے پر ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے پُرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے نئے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے مہمانِ خصوصی طلال چوہدری کو روایتی سلامی پیش کی اور شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔