”میں کافی عرصے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ایک ایم پی اے کی جانب سے شدید آن لائن ہراسانی، سائبر بُلیئنگ، ذہنی اذیت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہوں۔ بار بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات دینے کے باوجود سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انصاف فراہم کرنے کے بجائے میری آواز دبانے کی کوشش کی گئی، یہاں تک کہ محترمہ مریم نواز شریف کے دفتر سے وابستہ افراد نے بھی معاملے کو دبانے اور خاموش کرانے کی کوشش کی تاکہ شفاف تحقیقات نہ ہو سکیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے پر مجھے اور میرے خاندان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ میں متعلقہ اداروں سے درخواست کرتی ہوں کہ فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، میرے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اگر اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا تو میں پریس کانفرنس کر کے تمام ثبوت عوام کے سامنے رکھنے پر مجبور ہو جاؤں گی تاکہ سیاسی شخصیت کو بچانے کے لیے ہونے والے دباؤ اور دھمکیوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔“
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر ایسا چونکا دینے والا انکشاف کر دیا جس نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ اپنی خوبصورتی، معصوم انداز اور جاندار اداکاری سے پہچانی جانے والی اداکارہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے مسلسل ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ، آن لائن ٹارچر اور سائبر بُلیئنگ کا شکار ہیں، مگر شکایات کے باوجود انہیں انصاف نہیں مل سکا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے ان کے کیس کو دبانے کی کوشش کی گئی۔
مومنہ اقبال نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے بھی براہِ راست اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں غیر جانبدارانہ اور قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر کسی نے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی۔
اداکارہ کی پوسٹس سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا۔ صارفین حکومت، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے فوری ایکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کئی مداحوں نے اداکارہ کے لیے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک معروف شخصیت خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے تو عام خواتین کے مسائل کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال نے 2018 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور کم وقت میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں خدا اور محبت 3، عہد وفا، میرے ہم نشیں اور دو کنارے شامل ہیں۔ حال ہی میں “دو کنارے” میں ان کے منفی کردار کو بھی بے حد سراہا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھنے والی ہیں، تاہم اس وقت ان کی ذاتی زندگی سے زیادہ ان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔