شادی شدہ خواتین ڈاکٹرز مریضوں کا علاج آن لائن کرنے لگیں

image

پاکستان میں شادی اور خاندانی ذمہ داریوں کے باعث میڈیکل پیشہ چھوڑنے والی ہزاروں خواتین ڈاکٹرز اب آن لائن کلینکس کے ذریعے دوبارہ مریضوں کا علاج کر رہی ہیں، جبکہ ’صحت کہانی‘ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے انہیں گھر بیٹھے کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر ثانیہ جعفری بھی ان خواتین ڈاکٹرز میں شامل ہیں جنہوں نے شادی اور بچوں کی ذمہ داریوں کے باعث پیشہ چھوڑ دیا تھا، تاہم اب وہ گھر سے آن لائن مریضوں کو چیک کر رہی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں خواتین میڈیکل گریجویٹس کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے، لیکن بڑی تعداد شادی کے بعد عملی میدان چھوڑ دیتی ہے، جس سے ملک میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔

ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارم ’صحت کہانی‘ نے ایسے ہی ڈاکٹرز کو دوبارہ پریکٹس میں لانے کے لیے آن لائن نظام متعارف کرایا، جس کے تحت گھر سے کام کرنے والی خواتین ڈاکٹرز کو مریضوں سے جوڑا جاتا ہے۔ ادارے کے مطابق اب تک 75 سو سے زائد ڈاکٹرز دوبارہ کام شروع کر چکی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ایک تہائی سے زیادہ خواتین میڈیکل گریجویٹس خاندانی دباؤ، بچوں کی دیکھ بھال کی مشکلات، طویل اوقات کار اور ہراسانی جیسے مسائل کے باعث یا تو پیشے میں نہیں آتیں یا جلد چھوڑ دیتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن ہیلتھ سروسز نہ صرف خواتین ڈاکٹرز کو لچکدار ماحول فراہم کر رہی ہیں بلکہ دور دراز علاقوں میں مریضوں، خصوصاً خواتین، کو بھی طبی سہولتیں مہیا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US