پاکستان میں تپِ دق (ٹی بی) سے متعلق تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جن کے مطابق ملک میں ہر سال 93 ہزار سے زائد بچے اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔
یہ اعداد و شمار عالمی ادارہ صحت کی ایک مشترکہ کانفرنس میں پیش کیے گئے جس میں پاکستان میں ٹی بی کی مجموعی صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹی بی کے رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 69 ہزار تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 14 فیصد کیسز بچوں میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا میں ٹی بی سے متاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر ہےجبکہ مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں ٹی بی کے مجموعی بوجھ کا 73 فیصد حصہ پاکستان پر ہے۔
کانفرنس میں بتایا گیا کہ وزارتِ صحت پاکستان، عالمی ادارہ صحت اور ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے اشتراک سے بچوں میں ٹی بی کے علاج اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری ہیں۔
یہ کانفرنس پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں ماہرین نے بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کی ضرورت پر زور دیا۔