صدر، وزیراعظم کا چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین کائی ڈافینگ کی قیادت میں چینی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شی جن پنگ، چینی وزیراعظم لی چیانگ اور عوامِ چین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین “آئرن برادرز” اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان شی جن پنگ کے “مشترکہ مستقبل کی عالمی برادری” کے وژن اور اس سے وابستہ اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر سردار ایاز صادق، شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا، نوید قمر اور رومینہ خورشید عالم سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا اور پاکستان نے ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مثال ہے جو وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چینی قیادت اور چینی بھائیوں کی تقریب میں موجودگی باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم اور عوام کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب ہو یا کوئی اور قدرتی آفت، چین نے ہمیشہ بے مثال تعاون کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی بہتری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جسے پاکستانی عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US