آزاد کشمیر انتخابات 2026 کا شیڈول ایک بار پھر تاخیر کا شکار

image

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے تحت ہونے والے آزاد کشمیر عام انتخابات 2026 کے شیڈول کے اجرا میں ایک بار پھر تاخیر سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انتخابی شیڈول مئی کے تیسرے ہفتے میں جاری کیے جانے کا امکان تھا تاہم اب توقع کی جا رہی ہے کہ شیڈول جون کے پہلے عشرے میں جاری کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہاجرین نشستوں کے معاملے پر جاری مشاورت اور مذاکرات کے باعث یہ تاخیر ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے قبل ازیں مئی کے تیسرے ہفتے میں شیڈول جاری ہونے کا عندیہ دیا تھا تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ پولنگ جولائی کے تیسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز تین نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے ساتھ رجسٹریشن کی تاریخ میں مزید 10 روز کی توسیع بھی کر دی ہے۔

جن جماعتوں کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ان میں جموں و کشمیر عوامی دست و بازو، قومی اتحاد پارٹی آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا عمل اب 10 جون 2026 تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن مہاجرین نشستوں کے خاتمے کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مہاجرین نشستوں کا خاتمہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں انتخابی سرگرمیاں اور مہاجرین نشستوں کا معاملہ اس وقت اہم سیاسی موضوع بن چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US