وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی کوششوں میں بتدریج مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور پاکستان اس سفارتی عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا حالیہ دورۂ ایران اس بات کا اشارہ ہے کہ معاملات کسی ممکنہ حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی سرگرمیاں مثبت نتائج دے رہی ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد اس عمل کے ٹھوس نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑے علاقائی بحران کو ٹالنے میں مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ ان کوششوں کی کامیابی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے دعا کی کہ پاکستان سمیت پورے خطے میں جلد امن و استحکام قائم ہو تاکہ عوام کو سکون اور بہتر حالات میسر آسکیں۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے تسلیم کیا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور کم آمدنی والے طبقات اس سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی ماحول کے باعث معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، جس سے معاشی بحالی کا عمل سست پڑ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر خطے میں امن قائم ہوجائے تو معاشی حالات میں بہتری آئے گی اور حکومت کے لیے عوام کو ریلیف فراہم کرنا آسان ہوجائے گا۔