پیسکو کا عیدالاضحیٰ پر دو روز کے لیے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

image

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر دو روز کے لیے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کمپنی کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام فیڈرز پر صارفین کو عید کے پہلے دو دنوں میں 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔

پیسکو کے چیف ایگزیکٹو اختر حمید خان نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کو عیدالاضحیٰ اور سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق عید کے دنوں میں پیسکو کا عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا تاکہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ سب ڈویژنز اور فیڈرز کو اضافی ٹرانسفارمرز، تاریں، میٹرز اور دیگر ضروری سامان فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جاسکے۔

ترجمان پیسکو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قربانی کے جانور بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھنے سے گریز کریں اور بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں تاکہ ہر گھر تک بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US