پاکستان ریلوے نے انجنوں کی جزوی تیاری کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی

image

پاکستان ریلوے نے مختلف اقسام کے انجنوں کی جزوی تیاری کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے جبکہ لوکوموٹیو فیکٹری رسالپور میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ حکام کے مطابق رسالپور فیکٹری میں اب تک 102 مختلف اقسام کے لوکوموٹیو جزوی طور پر تیار کیے جاچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رسالپور فیکٹری سالانہ 25 لوکوموٹیو تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ اس وقت ریلوے کے 16 لوکوموٹیو کی جدید کاری پر کام جاری ہے۔ دوسری جانب کیرج فیکٹری اسلام آباد میں تیز رفتار مسافر کوچز کی تیاری کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، جہاں سالانہ 120 مسافر کوچز تیار کیے جاسکتے ہیں۔

پاکستان ریلوے کے مطابق مغل پورہ لاہور میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی حامل فریٹ ویگنز کی تیاری جاری ہے جبکہ استعداد بڑھانے کے لیے 800 ٹن سے زائد گنجائش والی مال بردار ویگنز بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ رسالپور فیکٹری میں 115 ٹن سے زیادہ گنجائش والی ویگنز کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے۔

ادھر ریلوے انتظامیہ نے 3 مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل کرلی ہے جبکہ مزید 15 ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ ماہ ان ٹرینوں کی نیلامی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ریلوے گزشتہ 45 برس سے خسارے کا شکار ہے، تاہم ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے سالانہ 24.7 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں پاکستان ریلوے نے 93 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US