شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اچانک اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ فیڈرل بی ایریا اور اطراف کے علاقے رات گئے بجلی کی بندش سے شدید متاثر رہے۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ، واٹر پمپ، سمن آباد، انچولی اور دیگر کئی علاقے اچانک تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض علاقوں میں مکینوں نے سحری بھی اندھیرے میں کی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود مسلسل لوڈشیڈنگ ایک ظلم کے مترادف ہے، جبکہ اس صورتحال نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔
دوسری جانب کے الیکٹرک ہیلپ لائن کے مطابق یہ صورتحال ٹیکنیکل فالٹ کے باعث پیدا ہوئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیمیں مرمتی کام میں مصروف ہیں اور بجلی کی مکمل بحالی میں تین سے چار گھنٹے لگ سکتے ہیں۔