محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح تربت اور بہاولنگر میں 48، سبی، دادو، لاڑکانہ اور موئن جو دڑو میں 47، سکھر میں 46، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 45 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42، اسلام آباد 40، پشاور 38، کراچی اور کوئٹہ 36، مظفرآباد 35 جبکہ گلگت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔