وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نگرانی میں صوبے بھر میں اسپیشل آپریشن کلین اپ کے تحت “ستھرا پنجاب” مہم جاری ہے، جس کے تحت گلی محلوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں اور سڑکوں کی خصوصی صفائی کی گئی ہے، جبکہ گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں اور جانوروں کی باقیات پھینکنے کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق صفائی قوانین کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں گلیوں اور بازاروں کی صفائی کے ساتھ عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلوں میں “ستھرا پنجاب” کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ورکر صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔