پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سیکیورٹی اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔

ذرائع کے مطابق گفتگو میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کے بہترین انتظامات کو سراہا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US