ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری رہا، جو شرعی ایام کے مطابق کل تک جاری رہے گا۔ مختلف شہروں میں شہری قربانی کے فرائض ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عزیز و اقارب اور مستحق افراد میں گوشت تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔
عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں دعوتوں، میل ملاقاتوں، بیٹھکوں اور تفریحی سرگرمیوں کا سلسلہ عروج پر رہا۔ گزشتہ روز مہمان نوازی کرنے والے آج خود دوستوں اور رشتہ داروں کی دعوتوں میں شریک ہوتے دکھائی دیے۔
خواتین کی جانب سے گھروں میں روایتی اور لذیذ پکوان تیار کیے جا رہے ہیں جن میں بریانی، تکہ، بوٹی، سیخ کباب، ہنٹر بیف، مٹن سجی، قورمہ، کڑاہی اور کوفتے سمیت دیگر خصوصی ڈشز شامل ہیں۔ عید کے موقع پر اہل خانہ اور مہمان ان ذائقہ دار کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز بھی ملک بھر میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے جانوروں کی قربانی کر کے سنتِ ابراہیمی ادا کی تھی، جبکہ قربانی کے بعد گوشت کی تقسیم کا عمل بھی جاری رہا۔