وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے انفورسمنٹ اور کمپلائنس پر توجہ دی جائے گی۔
کمالیہ میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت متحرک کردار ادا کر رہی ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو بھی سراہا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ تنقید برائے تنقید کے بجائے ملکی معاشی استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔
زرعی شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض کاشتکار گندم کی پیداوار 60 سے 70 من فی ایکڑ تک لے جا چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف زرعی شعبے کو درپیش مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور اگر زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا تو پاکستان کے ایکسپورٹ پوٹینشل میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔