آئی ایس پی آر نے عالمی یومِ امن دستہ 2026 کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی بلیو ہیلمٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان 1960 سے اب تک اقوامِ متحدہ کے مختلف امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد اہلکار بھیج چکا ہے جبکہ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکار شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی امن دستے اس وقت کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ سمیت مختلف ممالک میں عالمی امن اور استحکام کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی بلیو ہیلمٹس نہ صرف فوجی آپریشنز بلکہ انسانی امداد اور متاثرہ آبادی کی بحالی کے کاموں میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جدید دور میں امن دستوں کو سائبر خطرات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے نئے چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ رواں برس عالمی یومِ امن دستہ کا مرکزی پیغام امن کے لیے اجتماعی سرمایہ کاری ناگزیر ہے رکھا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن، استحکام اور انسانی خدمت کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔