کہوٹہ اور ملتان میں ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق

image

پنجاب کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 9 نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔

راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے علاقے خورشید آباد میں آبشار کی سیر سے واپس آنے والے نوجوانوں کا رکشہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نوجوان تفریح کے بعد واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے کہ راستے میں رکشہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں 2 نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 زخمی اسپتال منتقل کیے گئے، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام نوجوان آپس میں کزن تھے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی۔

دوسری جانب ملتان میں گیلانی فلائی اوور پر موٹر سائیکل ریس کے دوران دو بائیکس آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US