عیدالاضحیٰ کے آخری دن بھی شہر قائد میں صفائی کی صورتحال ابتر رہی، مختلف مرکزی سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں جانوروں کی آلائشیں اور کچرے کے ڈھیر موجود رہے۔
شہریوں کے مطابق عید کے تیسرے روز تک بھی بڑی مقدار میں آلائشیں اور فضلہ تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات اور تکلیف کا سامنا ہے۔
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں تعفن پھیلنے سے فضا انتہائی ناخوشگوار ہوگئی ہے، جبکہ صفائی نہ ہونے کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہورہی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے فوری صفائی آپریشن تیز کرنے اور صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔