عیدالاضحیٰ کا موقع ہو اور گھر گھر باربی کیو کی خوشبو نہ پھیلے، ایسا شاید ہی ممکن ہو۔ بڑی عید پر جہاں مختلف لذیذ پکوان تیار کیے جاتے ہیں وہیں دوستوں اور خاندان کے ساتھ بیٹھ کر باربی کیو کرنا بھی ایک خاص روایت بن چکی ہے۔ گوشت کو کوئلوں پر بھوننے، مل کر تیاریاں کرنے اور خوشگوار ماحول میں کھانے کا مزہ عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک اچھا اور مزیدار باربی کیو بنانے کے لیے چند اہم باتوں کا جاننا بہت ضروری ہے تاکہ آپ کی باربی کیو پارٹی یادگار بن جائے۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ باربی کیو اچھی طرح تیار ہو تو سب سے پہلے مناسب انگیٹھی کا انتخاب کریں۔ ایسی انگیٹھی استعمال کریں جس کی گہرائی کم از کم سات سے آٹھ انچ ہو تاکہ کوئلے دیر تک اچھی حرارت دیتے رہیں۔ بہت چھوٹی یا کم گہری انگیٹھی میں گوشت یکساں نہیں پکتا اور ذائقہ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ بہاری بوٹی اور تکہ بنانے کے لیے چوکور سیخیں زیادہ بہتر رہتی ہیں کیونکہ ان پر گوشت مضبوطی سے جما رہتا ہے اور پکاتے وقت گھومتا نہیں۔
باربی کیو شروع کرنے سے پہلے کوئلوں کو اچھی طرح دہکا لینا بھی ضروری ہے تاکہ گوشت کو مناسب اور مسلسل حرارت مل سکے۔ پکاتے وقت کوشش کریں کہ کوئلوں میں شعلے نہ اٹھیں کیونکہ تیز آگ گوشت کو باہر سے جلا دیتی ہے جبکہ اندر سے وہ کچا رہ جاتا ہے۔ بہترین باربی کیو ہمیشہ دھیمی آنچ اور دہکتے کوئلوں پر تیار کیا جاتا ہے۔ اس دوران ہلکی ہلکی ہوا دیتے رہنے سے حرارت برقرار رہتی ہے اور گوشت یکساں طور پر پک جاتا ہے۔
باربی کیو کو مزید لذیذ بنانے کے لیے گوشت کو اچھی طرح میرینیٹ کرنا بہت اہم ہے۔ مصالحہ لگا کر گوشت کو چند گھنٹوں کے بجائے پوری رات کے لیے رکھ دیں تاکہ تمام مصالحے گوشت کے اندر تک جذب ہو جائیں۔ میرینیشن میں دہی اور لیموں کا استعمال لازمی کریں کیونکہ یہ گوشت کو نرم بھی بناتے ہیں اور ذائقے کو بھی بڑھا دیتے ہیں۔
جب باربی کیو تیار ہو جائے تو پیش کرنے سے پہلے اس پر تازہ لیموں نچوڑ دیں۔ لیموں کا ہلکا سا کھٹاپن گوشت کے ذائقے کو مزید بڑھا دیتا ہے اور باربی کیو زیادہ چٹخاردار محسوس ہوتا ہے۔ ان آسان مگر مفید طریقوں پر عمل کرکے آپ اس عید پر اپنے باربی کیو کو مزید خاص اور یادگار بنا سکتے ہیں۔